Live Updates

ریڈز پاکستان کا راولپنڈی میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی آگاہی مہم ،مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

جمعہ 2 مئی 2025 17:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ریڈز پاکستان نے عالمی ادارہ صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے تعاون سے راولپنڈی میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کے دوران مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جس کامقصد معاشرے میں حفاظتی ٹیکہ جات کی افادیت سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا۔ ان سرگرمیوں میں خواتین طبی عملہ، طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق آگاہی مہم سکول آف مڈوائفری اور سینٹ کیتھرین ہائی سکول و کالج میں منعقد ہوئی جہاں حفاظتی ٹیکہ جات سے بچاؤ کی بیماریوں اور بروقت ویکسی نیشن کی اہمیت پر جامع نشستیں اور آگاہی واکس کا اہتمام کیا گیا۔سکول آف مڈوائفری میں ریڈز پاکستان کی ڈاکٹر مشعل نے ایک معلوماتی لیکچر دیا جس میں انہوں نے بچوں اور نوجوانوں کی صحت کے تحفظ میں حفاظتی ٹیکو ں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایچ پی وی (ہیومن پیپیلوما وائرس) ویکسین کے حوالے سے حالیہ پیشرفت سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ویکسی نیشن سپرنٹنڈنٹ وقار ستی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آصف شہزاد نے ای پی آئی کے شیڈول پر تفصیلی گفتگو کی اور مقامی سطح پر آگاہی مہمات کو موثر بنانے کے طریقے بتائے۔

سینٹ کیتھرین ہائی سکول و کالج میں بھی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی پرنسپل سسٹر نادیہ ایشاق نے کی۔ عالمی ادارہ صحت کے ضلعی کوآرڈینیٹر آصف شہزاد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے معمول کی ویکسی نیشن کے فوائد اور سائنسی بنیادوں پر ویکسین کی افادیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے سوالات کیے اور ویکسین سے متعلق جدید سائنسی معلومات میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

دونوں اداروں میں آگاہی واکس کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں طلبہ، اساتذہ، صحت کے ماہرین اور مقامی کمیونٹی نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ویکسی نیشن کے حق میں پیغامات درج تھے۔ واکس کا مقصد معاشرے میں یہ پیغام عام کرنا تھا کہ ویکسین زندگی بچاتی ہے اور ایک صحت مند مستقبل کی ضامن ہے۔ریڈز پاکستان نے ان سرگرمیوں کے ذریعے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محفوظ، باخبر اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور حکومتی و بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے عوامی صحت کے فروغ کے لئے سرگرمِ عمل رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات