دیہی علاقوں میں مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 2 مئی 2025 17:59

دیہی علاقوں  میں  مفت طبی سہولیات  کی فراہمی  کے لیے شریفاں بی بی میموریل ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر، چیئرپرسن شیڈ ٹرسٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں شعبہ امراضِ قلب کی ایمرجنسی وارڈ کا افتتاح کیا ہے ،اس موقع پر پُروقار شاندار تقریب منعقد ہوئی ہے جس میں مقامی عمائدین، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ہسپتال کی نئی ایمرجنسی وارڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جسے جدید آلات، کارڈیو مانیٹرنگ سسٹمز، اور تربیت یافتہ عملے سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ دل کے مریضوں کو فوری اور بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔اس شاندار تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مفت معیاری طبی سہولیات تک غریب کی رسائی شیڈ ٹرسٹ کا مشن ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ہمارے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات ناکافی ہیں، اور اس عوامی محرومی کو ختم کرنے کے لیے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا شعبہ امراضِ قلب کی ایمرجنسی وارڈ اس پسماندہ علاقے کے عوام کے لیے زندگی کی امید بنے گی، جہاں اکثر مریض بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیڈ ویلفیئر ٹرسٹ کا مقصد صرف علاج معالجہ نہیں بلکہ انسانی وقار، مساوی سہولیات اور معاشرتی فلاح ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات، بیرون ملک پاکستانیوں اور مقامی رضا کاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کے تعاون سے آج ایک اور خواب حقیقت میں بدلا ہے۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ دیہی علاقوں میں صحت اور تعلیم کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے، اور نجی اداروں کے ساتھ مل کر فلاحی ماڈل بنایا جائے تاکہ ترقی کی رفتار تیز ہو سکے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شیڈ ٹرسٹ کے تحت جلد ہی ایک موبائل میڈیکل یونٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جو دور دراز دیہات تک بنیادی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہا ہے ، اور اس کا مقصد محض علاج نہیں بلکہ احتیاط، آگاہی اور صحت مند زندگی کا فروغ ہے۔تقریب میں موجود شرکاء نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے وژن کو سراہا اور اس فلاحی منصوبے کو ایک سنگ میل قرار دیا۔ آخر میں اجتماعی دعا کرائی گئی، جس کے بعد ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی خدمات پر مفصل روشنی ڈالی۔