Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا کادورہ کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کا دورہ

باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کو درپیش سہولیات پر تبادلہ خیال

جمعہ 2 مئی 2025 23:28

گورنرخیبرپختونخوا کادورہ کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دورہ کراچی کے دوران جمعہ کے روز کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کا دورہ کیا، قونصل خانہ پہنچنے پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کو درپیش سہولیات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گورنر نے یو اے ای قونصل خانے کے نئے بزنس ویزا سیکشن کا افتتاح بھی کیا۔قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے گورنر کو آگاہ کیا کہ یہ نیا سیکشن کاروباری روابط کو فروغ دے گا، باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب پاکستانی شہری پانچ سالہ ویزا پروگرام کے تحت یو اے ای کا سفر کر سکیں گے، جس سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

قونصل جنرل نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔گورنر خیبر پختونخوا نے متحدہ عرب امارات کو پاکستانیوں کا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد یو اے ای میں محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں یو اے ای کا قونصل خانہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ وہاں کے عوام کو قونصلر خدمات میسر آسکیں۔گورنر نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ''پاکستان مائنز اینڈ منرلز کانفرنس'' کا بھی ذکر کیا اور یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات