ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سرگودھاکا گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کادورہ، ادویات کی دستیابی اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا

جمعہ 2 مئی 2025 18:11

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سرگودھا حافظ عمر فاروق نےگورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل سٹور، لیبارٹری اور مریضوں کے داخلہ وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اُنہوں نے ایمرجنسی میں ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی فعالیت اور عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔

اُنہوں نے مریضوں اور اُن کے لواحقین سے براہ راست ملاقات کر کے علاج معالجے کی سہولیات، عملے کے رویے اور صفائی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ دورے کے دوران اے ڈی سی جی نے ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ایمرجنسی وارڈز میں ہمہ وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کے لیے ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی۔اے ڈی سی جی حافظ عمر فاروق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے ،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے معائنوں کا مقصد عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

متعلقہ عنوان :