Live Updates

خوشحال پاکستان بنانا ہے تو سب سے پہلے عوام کو اہل کرنا ہو گا، آئی سی سی آئی

جمعہ 2 مئی 2025 20:17

خوشحال پاکستان بنانا ہے تو  سب سے پہلے عوام کو اہل کرنا ہو گا، آئی سی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے چیمبر کا دورہ کرنے والے کاروباری رہنماؤں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہےکہ اگر خوشحال پاکستان بنانا ہے تو سب سے پہلے اس کے لوگوں کو بنانا ہوگا۔صدر ناصر منصور قریشی نے اعلیٰ ہنر مندی کے فروغ کے مراکز کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا جو محض رسمی طور پر نہیں بلکہ حقیقی طور پر ایسے مراکز کے طور پر کام کریں جو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہوں۔

جمعہ کے روز جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت، توانائی سے بھرپور اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے جرمنی اور جنوبی کوریا کے کامیاب ماڈلز کی طرف متوجہ کیا جہاں مضبوط پیشہ وارانہ تربیتی نظام نے معاشی ترقی میں تبدیلی کا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تکنیکی ترقی کے لئے ایک قومی روڈ میپ تجویز کیا جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا گیا ہے تاکہ جدید ترین تربیتی اداروں میں سرمایہ کاری کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ جدید لیبز، صنعت سے چلنے والے نصاب اور تصدیق شدہ انسٹرکٹرز سے لیس ہونے چاہئیں، ہمیں ایسے مراکز کی ضرورت ہے جو نہ صرف ہنر سکھائیں بلکہ AI، گرین ٹیکنالوجی، سمارٹ مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس، اور ڈیجیٹل فنانس جیسی فیلڈز میں مہارت دیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے ایک ہنر مند مستقبل کے لئے افرادی قوت بنانے کے لئے مل کر کام کریں جو نہ صرف مقامی مارکیٹ کی خدمت کرے بلکہ عالمی صنعتوں کو طاقت فراہم کرے۔ایک ہنر مند پاکستان ایک مضبوط پاکستان ہے اور یہ سفر اب شروع ہو جانا چاہئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات