Live Updates

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران کاروباری اتار چڑھائو کے بعد مندی کا رجحان

ہفتہ 3 مئی 2025 15:53

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران کاروباری اتار چڑھائو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران کاروباری اتار چڑھائو کے بعد مندی کا رجحان رہا اور 1300سے زاید پوائنٹس کی کمی سے مارکیٹ 1لاکھ15ہزار کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی،مارکیٹ کے سرمائے میں 288ارب روپے کی کمی واقع ہوئی جبکہ 50.72فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔یکم مئی کی تعطیل کے باعث 4دن تک محدود رہنے والے کاروباری ہفتے میں 2دن شدید مندی رہی اس دوران انڈیکس 4950پوائنٹس لوز کر گیا تاہم 2دن کی تیزی سے انڈکس نے 3595پوائنٹس ریکور تو کئے مگر مارکیٹ کا رجحان منفی رہا ۔

پاک بھارت کشیدگی سے نئی سرمایہ کاری کا سلسلہ رکا اور پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دبائو نے مارکیٹ کو تنزلی سے دوچار کیا مگر پاک بھارت کشیدگی کو کم کرانے کیلئے امریکہ کی دونوں ممالک کو تحمل اور تعاون کو بڑھانے کی ضرورت دینے کے بیان کے علاوہ نئی مانیٹری پالیسی رپورٹ میں مزید کمی کی توقعات ،آئی ایم ایف کے آئند ہ ہفتے ہونیوالے بورڈ اجلاس میں مزید قرض ملنے کے امکان پر تیزی رونما ہوئی ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران کے ایس ای 100انڈکس میں 1356پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 1لاکھ15ہزار469پوائنٹس سے کم ہو کر 1لاکھ14ہزار113پوائنٹس پر آگیا اسی طرح 645پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 34ہزار917پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرانڈیکس 72ہزار114پوائنٹس سے کم ہو کر 70ہزار939پوائنٹس ہو گیا ۔کاروباری مندی سے ایک ہفتے کے دوران 288ارب 11کروڑ29لاکھ94ہزار311روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد سرمائے کا مجموعی حجم 13808ارب27کروڑ22لاکھ67ہزار895روپیرہ گیا۔

کاروباری تیزی سے 100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران1,16,658پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس1,10,631پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا ۔کاروباری ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ29ارب روپے مالیت کے 49کروڑ99لاکھ33ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 23ارب روپے مالیت کے 37کروڑ23لاکھ63ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے۔اسٹاک مارکیٹ میں زیر تبصرہ مدت میں مجموعی طور پر 1796کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 695کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ911میں کمی اور190کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب ،پاور سیمنٹ ،ورلڈ کال ٹیلی کام،پاک الیکٹرون ممیپل لیف ،سوئی نادرن گیس ،غنی چیم ورلڈ ،سنر جیکو پاک ،سوئی سدرن گیس ،لکی سیمنٹ ،الطہور لمیٹڈ،کوہ نور اسپننگ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ،بگ برڈ فوڈز لمیٹڈ،فوجی سیمنٹ اور ڈی جی کے سیمنٹ سر فہرست رہے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات