آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا سینئر افسران کے ہمراہ اجلاس، جدید نگرانی کے طریقہ کار اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعہ 2 مئی 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا سینئر افسران کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا جس میں جرائم کی روک تھام، تفتیشی نظام کی بہتری، جدید نگرانی کے طریقہ کار اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شہر بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھنے اور تفتیشی عمل کو شفاف، جلد اور معیاری بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا،اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنزمحمد جواد طارق،ڈی جی سیف سٹی شاکر حسین داوڑ، ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی روک تھام، تفتیشی نظام کی بہتری، جدید نگرانی کے طریقہ کار اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

انہوں نے افسران کو مقدمات کی تفتیش کو موثر بنانے اور زیر تفتیش مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لئے احکامات جاری کیے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بدلتے دور کے تقاضوں کے مطابق تفتیش کے عمل کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے ، تمام افسران زیرتفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں ،انوسٹی گیشن ونگ کی تجدید کا مقصد تفتیشی نظام کو بروقت اور میرٹ پر مکمل کرنا ہے اورفوجداری مقدمات کی بہتر انداز میں تفتیش کرنی ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے معاشرہ سے جرائم کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے ،انہوں نے افسران کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جدید تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں سرویلنس اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثربنایا جائے جبکہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر پر گرفت مضبوط کرنے اورضلع بھر کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی اسلام آباد کی سروسز کو بہتر بناتے ہوئے اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے،اسی کے ساتھ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر شہریوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے اورکہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ان کو ہر سہولت مہیا کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔