آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کردی

ذاتی سوشل میڈیا اکائونٹ پر باوردی تصاویر لگانے پر پابندی ،خلاف ورزی پر مقدمے کا اندراج ہوگا

ہفتہ 3 مئی 2025 22:31

آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)ذاتی سوشل میڈیا اکائونٹ پر باوردی تصاویر لگانے پر پابندی عائد کر دی ، خلاف ورزی کرنے پر مقدمات کا اندراج کرایا جائے گا ۔آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کردی۔ پولیس حکام کے مطابق ایسا مواد جو محکمہ کے متعلق ہو اور پرائیویٹ اکائونٹ پر شیئر کیا گیا تو افسران واہلکاروں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

نئی پالیسی کے مطابق پولیس افسر واہلکار کوئی بھی محکمانہ پیپر ذاتی اکائونٹس پر شیئر نہیں کریں گے۔ افسران و اہلکار سرکاری سوشل میڈیا پر آگاہی و عوامی سروس کے متعلقہ پوسٹس اپ لوڈ کرسکیں گے۔ کوئی بھی افسر و اہلکار اپنے پرائیویٹ اکائونٹ پر پولیس یونیفارم میں تصاویر اپ لوڈ نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

پولیس ملازمین کسی بھی حساس ادارے، مذہبی اور سیاسی حوالے سے تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کریں گے۔

کوئی بھی پوسٹ آئی جی یا اعلی رینک کے افسر کی اجازت کے بغیر اپ لوڈ نہیں ہوگی۔ کسی بھی ملزم یا حساس کیسز کے مدعیوں کے انٹرویوز بھی نہیں کروائے جائیں گے۔ اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت زیادتی و بدفعلی کا شکار خواتین وبچوں کی شناخت میڈیا پر نشر نہیں کی جائے گی۔ کوئی بھی افسر یا اہلکار سوشل میڈیا پر ذاتی یا کاروباری پلیٹس فارمز کا حصہ نہیں ہوںگے۔ پولیس افسران واہلکاروں کو سوشل میڈیا پر پہلے سے لگی باوردی تصاویر ہٹانے کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی سوشل میڈیا پالیسی جاری کر دی ہے۔