صحت و تعلیم کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے‘جہانگیر ترین

ترین انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز کی زیر تعمیر بلڈنگ ، لودھراں میں فری آئی کیمپ کا دورہ

ہفتہ 3 مئی 2025 22:38

لودھراں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) جہانگیر خان ترین نے ترین انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز کی زیر تعمیر بلڈنگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے سی ای او اکبر خان نے جہانگیر خان ترین کو منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کی تعمیر پر 2ارب سے زائد کی لاگت آئے گی اور آئی ٹی یونیورسٹی کی تعمیر اگست تک مکمل کر لی جائے گی۔

جہانگیر ترین نے ٹائسر میں تعمیر کی جانے والی مسجد کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں جہانگیر خان ترین نے لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کی جانب سے لگائے جانے والے فری آئی کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

مریضوں نے فری آئی کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کیا۔

ایل پی پی کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور نے بریفنگ میں بتایا کہ اب تک 44فری آئی کیمپ منعقد ہوچکے ہیں جن میں 70ہزار سے زائد مریضوں کا مفت چیک اپ، مفت ادویات کی فراہمی سمیت آپریشن بھی کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ روز کیمپ میں 426مریضوں کا مفت چیک اپ کیا گیا ہے جبکہ 90مریضوں کے آپریشن بھی کیے جارہے ہیں۔ فری آئی کیمپ کے وزٹ پر موقع پر گفتگو میں جہانگیر ترین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسہ جاری رہے گا۔ صحت و تعلیم کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔