Live Updates

پاکستان اور افغانستان کا باہمی اعتماد بڑھانے کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

دونوں رہنمائوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،سفارتی تعلقات بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم

اتوار 1 جون 2025 18:00

پاکستان اور افغانستان کا باہمی اعتماد بڑھانے کیلئے قریبی تعاون جاری ..
Mاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب امیر خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں جانب سے باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو روز قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانے کو سفیر کی سطح پراپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں افغانستان نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات اپنے ناظم الامور کو سفیر کی سطح تک بڑھا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کے ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے، یہ دوطرفہ تعلقات میں ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے مطابق امیر خان متقی نے اسحاق ڈار کو بتایا کہ افغانستان نے بھی اسی نوعیت کا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل کی ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اس کے علاوہ ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی روابط کے لیے ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات