Live Updates

پاکستان کی بڑی بندرگاہوں پر خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی 2 روزہ مشقیں

ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحر تنصیات کے تحفظ کے لئے طریقہ کار اور حربی حکمت عملی کو جانچنا اور موثر بنانا تھا،ترجمان پاک بحریہ

اتوار 1 جون 2025 20:20

پاکستان کی بڑی بندرگاہوں پر خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی 2 روزہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)پاک بحریہ نے پاکستان کی تمام بڑی بندرگاہوں پر غیرروایتی خطرات سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو روزہ مشقوں کا کامیابی سے انعقاد کیا۔پاک بحریہ کی جانب سے ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحر تنصیات کے تحفظ کے لئے طریقہ کار اور حربی حکمت عملی کو جانچنا اور موثر بنانا تھا، ان مشقوں میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس بشمول پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثہ جات نے مربوط ارروائیوں میں حصہ لیا۔

مشق میں مختلف غیرروایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں شرکت کرنے والی فورسز کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔مشقوں کے دوران کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے مختلف بندر گاہوں کا دورہ کیا اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا، انھوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی بندر گاہوں اور بحری تنصیبات کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کے لیے بھی بے حد ضروری ہے۔یہ مشقیں اس امر کی عکاس ہیں کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں میں بتدریج جدت لارہی ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات