Live Updates

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، قائد ایوان و قائد حزب اختلاف کا مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر علامہ ساجد میر کے انتقال پراظہار افسوس

ہفتہ 3 مئی 2025 22:43

چیئرمین  و   ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، قائد ایوان و قائد حزب اختلاف کا مرکزی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ،ڈپٹی چیئر میں سینیٹ سیدال خان نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر علامہ ساجد میر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مذہب، سیاست اور معاشرے کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہوں نے جس خلوص، دانشمندی اور بصیرت کے ساتھ ایوان بالا میں قانون سازی کے عمل میں اپنا کردار ادا کیا وہ واقعی قابل ستائش ہے۔

ان کی موت سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جسے کبھی پر نہیں کیا جا سکے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی پروفیسر ساجد میر کو ایک باوقار اور علمی شخصیت کے طور پر یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا جنہوں نے بین المسلمین اتحاد، اعتدال پسندی اور فکری مکالمے کو مسلسل فروغ دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے بھی مرحوم پروفیسر کی دینی، علمی اور پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک گہرا قومی نقصان قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر ان نایاب شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ سے خود کو مذہبی تعلیم، اسلامی فکر اور اصولی سیاست کے فروغ کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ متعدد بار سینیٹ کے رکن منتخب ہونے کے بعد وہ اپنے پورے کیریئر کے دوران اعتدال پسند اور با اخلاق قیادت کے پرزور حامی رہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات