عالمی یومِ صحافت ،جماعت اسلامی صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے‘ حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 3 مئی 2025 22:18

عالمی یومِ صحافت ،جماعت اسلامی صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عالمی یومِ صحافت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی صحافی برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صحافیوں نے جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے جو جدوجہد کی وہ قابلِ تحسین ہے، ہم قوم کی ترجمانی کرنے والے تمام اہلِ صحافت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ پیکا ایکٹ آزادئ صحافت پر حملہ اور ایک سیاہ قانون ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ان شہید صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی صحافت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔انھوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود جماعت اسلامی کے منشور کا حصہ ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحافیوں کے لیے معلومات تک رسائی کو یقینی بنائے۔انھوں نے کہا کہ غزہ میں صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہونے والے صحافیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ ان شہداء کو ایوارڈ سے نوازے اور ان کے پسماندگان کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔