Live Updates

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا روٹری کی خدمات کو خراج تحسین، کشمیر و امن پر پاکستان کا موقف دہرایا

ہفتہ 3 مئی 2025 22:40

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا روٹری کی خدمات کو خراج تحسین، کشمیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ کانفرنس 2025 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں انسانیت کی خدمت، صحت کی بہتری، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پولیو کے خاتمے کے لیے روٹری انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔سفارت کاروں، ارکانِ پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے اراکین اور روٹری کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے روٹری انٹرنیشنل کے ڈسٹرکٹ گورنر رضوان ادھیا کی قیادت اور تمام اراکین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا، "روٹری کا ورثہ ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط خدمت، ہمدردی اور معاشرتی تعمیر پر مبنی ہے۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں ان لوگوں کے درمیان موجود ہوں جو 'خدمت کو خود پر ترجیح' دینے کے اصول پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

"چیئرمین سینیٹ نے پولیو کے خاتمے، صحت عامہ، دیہی علاقوں میں شمسی توانائی، اور نوجوانوں کی تربیت جیسے شعبوں میں روٹری کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کے گنجان آباد شہروں سے لے کر افریقہ کے دور دراز دیہات تک، روٹری نے امید اور خدمت کا ایک عالمی نیٹ ورک قائم کیا ہے۔

اس کی اصل کامیابی تعداد میں نہیں بلکہ ایک بہتر دنیا کے خواب کو حقیقت بنانے کے مسلسل عزم میں ہے۔"انہوں نے روٹری کے منصوبوں کو پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ قرار دیا اور "سمارٹ ولیجز" منصوبے اور ضیاالدین اسپتال کے ساتھ شراکت داری کے تحت بچوں کی دل کی سرجری جیسے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "ہمارے ملک کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، اور روٹری کے لیڈر شپ پروگرامز ان نوجوانوں کو رہنما اور موجد بنا رہے ہیں، تماشائی نہیں۔

"انہوں نے کہا کہ وہ سینیٹ کی سطح پر قانون سازی کے ذریعے شمولیتی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیں گے اور روٹری کی خدمات کو مزید وسعت دینے میں مکمل تعاون کریں گے۔علاقائی امن اور پاکستان و بھارت کے حالیہ تنا پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا، "بھارت دنیا کی توجہ اصل مسئلے یعنی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

" پاہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، "پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور غیر جانبدار تحقیقات کے لیے تیار ہے۔ تحقیقات سے پہلے الزامات لگانا مناسب نہیں۔"انہوں نے خود کو امن کا سفیر قرار دیتے ہوئے روٹری اور سول سوسائٹی سے علاقائی امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ "امن، ہم آہنگی اور بھائی چارہ روٹری کے ساتھ ساتھ ہمارے دین کے بھی بنیادی اصول ہیں۔

آئیں ہم سب مل کر کشیدگی میں کمی اور مکالمے کے فروغ کے لیے کام کریں۔"گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور صحت، تعلیم، اور کمیونٹی ویلفیئر کے شعبوں میں روٹری کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا، "پاکستان کے دور دراز علاقوں میں روٹری کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ میں خیبرپختونخوا میں ان منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں اور ایسی شراکت داریوں کا خیر مقدم کرتا ہوں جو پسماندہ علاقوں کی ترقی میں مدد دے سکیں۔

"تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں، بشمول عمان کے قونصل جنرل سامی عبداللہ الخنجری، جرمنی کے ڈپٹی قونصل جنرل اینڈریاس ویگنر، اور یمن کے آنریری قونصل مرزا اختیار بیگ نے بھی شرکت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات