کراچی، کورنگی ڈھائی نمبر پر مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی گرفتار

زخمی ملزمان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس

اتوار 4 مئی 2025 15:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)شہر قائد کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر غریب نواز چوک کے قریب پولیس اور ڈاکوں کے مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق، مقابلے کے دوران تین ڈاکو زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت سکندر ولد جمن کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈاکوں کی شناخت ذاکر اور ریاض کے ناموں سے کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ڈاکوئوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پولیس نے موقع سے اسلحہ اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے ماضی کے جرائم اور ممکنہ نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔