فیصل آباد پولیس کا کریک ڈائون،چار ماہ میں 145 جرائم پیشہ گینگز کے 376 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے کا مال مسروقہ برآمد

اتوار 4 مئی 2025 20:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2025ء) فیصل آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ چار ماہ کے دوران 145 گینگز کے 376 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 کروڑ 41 لاکھ 87 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق، ملزمان سے برآمد شدہ سامان میں 2 کاریں، 467 موٹر سائیکلیں، 11 لوڈر رکشے، 55 موبائل فونز، 4 لیپ ٹاپ، 2 موٹر سائیکل رکشے، 25 کیبل تاریں، 25 بیٹریاں، سولر پلیٹس، زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ان سے 38 عدد مویشی بھی برآمد کیے گئے۔پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان چوری، ڈکیتی اور رابری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا جس میں 124 عدد 30 بور پستول، ایک کاربین، ایک موذر، دو رپیٹر، تین ریوالور، ایک کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق برآمد کیا گیا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔