رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین ،ایمبو لینس کی عدم دستیابی ، درجنوں افراد موت کی آغوش چلے گئے

پیر 5 مئی 2025 15:16

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین اور ایمبو لینس کی عدم دستیابی ، درجنوں افراد موت کی آغوش چلے گئے ،کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونیوالے ہسپتال میں علاج معالجہ کی ناکافی سہولیات سے حکومت کی بدنامی ہونے لگی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی خوبصورت عمارت میں مریضوں کیلئے علاج معالجہ کی ناکافی سہولیات حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہی ہیں پنجاب حکومت کی جانب سے رائے ونڈ ہسپتال کو ماڈل ہسپتال قرار دیا گیا تھا لیکن یہاں پر ٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین ،اور ایمبولینس تک موجود نہیں ہے جس سے ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والے افراد کو سوائے طبی امداد کے کچھ نہیں مل رہا ،ہسپتال انتظامیہ کے مطابق رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں روزانہ 100سے زائد ٹریفک حادثات کا شکار لوگ آتے ہیں لیکن ہمارے پاس ٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین اور ایمبولینس کی عدم دستیابی کے باعث پانچ سے دس مریضوں کو روزانہ لاہور ریفر کرنا پڑتا ہے جس سے متعدد مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں حادثے کا شکار مریضوں کی تعداد میں بڑھتے ہوئے اضافے سے ہسپتال انتظامیہ بھی پریشان ہے ،مکمل سہولیات کے فقدان سے مریضوں کیساتھ ناخوشگوار واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہزاروں مریض کو طبی سہولیات تو فراہم کی جارہی ہیں لیکن ٹریفک حادثات میں زخمی اور تشویشناک حالت میں آنیوالے مریضوں کو مجبورا لاہور ریفر کرنا پڑتا ہے جس سے مریضوں کے لواحقین ہسپتال انتظامیہ ،منتخب عوامی نمائندوں اور حکومت پنجاب کو کوستے ہیں ،واضح رہے کہ رائے ونڈ عالمی اہمیت کا حامل شہر ہے جہاں انڈسٹریل زون ،وزیر اعلیٰ ہائوس ،وزیر اعظم ہائوس ،عالمی تبلیغی مرکز ،ڈرائی پورٹ ،ریلوئے ورکشاپ سمیت ،درجنوں نامور ہائوسنگ سوسائٹیز قائم ہیں لیکن عوام کی سہولت کیلئے بنایا گیا 100بیڈ ز پر مشتمل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میںٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین اور ایمبولینس تک موجود نہیں ،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر ٹراما سنٹر ،سی ٹی سکین اور ایمبولینس کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ حکومت کی جگ ہنسائی نہ ہو ۔