Live Updates

مقدمات بنائیں یا ہمیں ماریں، ہم پھر بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے. جنید اکبر خان

عوام کے درمیان فاصلے تب ہی کم ہوں گے جب عمران خان آئے گا اور آپ کے حق میں بات کرے گا. صدر پی ٹی آ ئی کے پی کا ہنگو میں خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 مئی 2025 13:56

مقدمات بنائیں یا ہمیں ماریں، ہم پھر بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے. جنید ..
ہنگو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 05 مئی ۔2025 ) تحریک انصاف کے پی کے صدر اور قومی اسمبلی میں پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے سربراہ جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ مقدمات بنائیں یا ہمیں ماریں ہم پھر بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے آپ کے اور عوام کے درمیان فاصلے تب ہی کم ہوں گے جب عمران خان آئے گا اور آپ کے حق میں بات کرے گا.

(جاری ہے)

ہنگو میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک میرا ہے، میں نے یہاں مرنا ہے، میرے بچوں نے یہاں مرنا ہے، آپ مامے‘ چاچے نہ بنیں، عقل کل نہ بنیں، یہ ملک آپ کی جاگیر نہیں ہے، آپ ان فیصلوں کے ساتھ جائیں جو قوم نے کیے، آپ کو ہم اس وقت تک معاف نہیں کریں گے جب تک آپ اپنی غلطیوں کی اصلاح نہ کرو، میرے قائد کا بہت بڑا سینہ ہے، آپ جائیں معافی مانگیں تو وہ معاف کر دے گا، آپ ایف آئی آر کاٹیں، ہمیں ماریں، ہم پھر بھی عمران خان کے ساتھ ہوں گے.

انہوں نے کہاکہ آپ ہمیں دہشت گرد سمجھیں یا غدار سمجھیں، عمران خان کی محبت ہماری دلوں میں ہے، جس ریاست کو ہم نے ماں کا درجہ دیا اسی نے احتجاجی مظاہرین پر گولیاں برسائیں، ریاست نے پارٹی کارکنان کے ساتھ ظلم اور جبر کیا ہے، اس بار پوری تیاری کے ساتھ نکلیں گے، اس بار جو گولی کھا سکتا ہو اور جو جیل کاٹ سکتا ہو وہی باہر نکلے گا. انہو ں نے کہا کہ اختلاف ہر پارٹی میں ہوتا ہے اور اختلاف زندہ لوگوں کی مثال ہے، خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع میں ورکرز کنونشن کریں گے، یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان کے کارکن کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا کر ان کو اپنی قیادت سے جدا کریں گے، ظلم و ستم اور گرفتاریوں سے سیاسی تحریکیں مزید مضبوط ہوتی ہے، آپ کو اس وقت تک ہم معاف نہیں کریں گے جب تک احتساب نہ کریں، میرے قائد کا بہت بڑا سینہ ہے، آپ جائیں اور معافی مانگیں تو وہ معاف کر دے گا.

جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ ملک کے نوجوان نے عمران خان والی تاریخ پڑھی ہے، اسے پتا ہے تم کتنے بہادر ہو، ہمیں ڈرا رہے ہو کہ آپ کی فائلیں ہیں، ویڈیو ہے، آپ کے بچے ہیں، اگر ہماری جگہ نوجوان آ گیا جس کے بچے نہیں ہوں گے، بیوی نہیں ہوگی، فائلیں نہیں ہوں گی تو پھر آ کیا کریں گے؟ تمہارے لیے بہت مشکل ہو جائے گا وہ تو تمہیں مذمت کے قابل بھی نہیں چھوڑے گا، میں آپ کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ آپ اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھے ہیں، آپ ہمیں ننگا کریں، ایف آئی آریں کاٹیں یا فائلیں بنائیں آپ کے اور عوام کے درمیان فاصلے تب ہی کم ہوں گے جب عمران خان آئے گا اور آپ کے کے حق میں بات کرے گا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات