گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں پھنس کر 4 بہنوں سمیت 6 بچیاں جاں بحق

دل دہلا دینے والے واقعہ سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقے جناح کالونی میں پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 مئی 2025 16:08

گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں پھنس کر 4 بہنوں سمیت 6 بچیاں جاں بحق
سرگودھا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں پھنسنے سے 6 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، جن میں 4 سگی بہنیں بھی شامل تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقے جناح کالونی میں اناج کے ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں پھنس جانے سے 6 چھوٹی بچیاں جان کی بازی ہار گئیں، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے گندم ذخیرہ کرنے والے ایک بڑے ڈرم (بھڑولے) کے اندر کھیل رہے تھے جسے حال ہی میں گھر والوں نے صاف کیا تھا۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ خاندان کے بڑے افراد گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم کو صاف کرنے کے بعد گھر سے باہر نکلے ہوئے تھے، انہیں یہ علم نہیں تھا کہ لڑکیاں اس میں داخل ہو گئی ہیں اور گھر والوں کی غیر موجودگی میں بچیاں کھیل کے دوران گندم ذخیرہ کرنے والے میں چھپ گئیں، بھڑولے کا دروازہ بند ہونے سے وہ اندر ہی پھنس گئیں جس کے نتیجے میں تمام 6 بچیاں ڈرم کے اندر پھنس جانے کے بعد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جاں بحق بچیوں کی شناخت مریم (7 سال)، سونیا (6 سال)، دعا فاطمہ (1 سال)، سویرہ (4 سال)، آمنہ (6 سال) اور سمعیہ (8 سال) کے نام سے ہوئی ہے، ریسکیو ٹیم نے تصدیق کی کہ یہ سانحہ اہل خانہ کی عدم موجودگی میں پیش آیا اور بچوں کی لاشیں ملنے سے پورے علاقے میں غم اور سوگ کی کیفیت طاری ہے، عینی شاہدین اور پڑوسیوں نے اس منظر کو قیامت کے دن کے طور پر بیان کیا، جس کی وجہ سے ہر آنکھ آنسوؤں اور غم سے بھری ہوئی تھی۔