Live Updates

صدر سے چین کے سفیر کی ملاقات، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال پر گفتگو

چین جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لئے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کریگا، چینی سفیر

پیر 5 مئی 2025 17:27

صدر سے چین کے سفیر کی ملاقات، پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بھارتی اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں کہی جنہوں نے یہاں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ اہمیت کے امور خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات پر اظہار تشویش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور آزمودہ دوستی کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ’’آہنی برادر‘‘ہیں، دونوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چینی سفیر نے پاکستان کے نقطہ نظر کو چین کے ساتھ شیئر کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لئے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرے گا۔ صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر اور چینی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات