Live Updates

سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والی توافہ کمپنی الراجیحی کو سرٹیفکیٹ آف ایکسیلینس سے نواز دیا

پیر 5 مئی 2025 17:51

سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والی ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے پاکستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والی توافہ کمپنی الراجیحی کو سرٹیفکیٹ آف ایکسیلینس سے نوازا گیا ہے جس پر ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو نے کمپنی کے چیئرمین کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق توافہ کمپنی الراجیحی کو سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بہترین خدمات کی فراہمی پر سرٹیفکیٹ آف ایکسیلینس سے نوازا گیا ہے۔

کمپنی کے چیئرمین بندر الراجیحی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو سے رابطہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان حج مشن کے مثالی تعاون اور بہترین رابطہ کاری کی بدولت یہ ایکسیلینس ایوارڈ ملا جس پر ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو نے کمپنی کے چیئرمین کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی جی حج مکہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ حج آپریشن 2025ء کے دوران الراجیحی کمپنی سہولت و خدمت کے نئے معیار قائم کرے گی اور پاکستانی عازمین کو دوران حج مشعائر میں الراجیحی کے زیر انتظام بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو مشعائر کیلئے نسک کارڈز کی فراہمی کا قبل از وقت آغاز ہو گیا ہے۔ توافہ کمپنی الراجیحی نے ایکسیلینس ایوارڈ ملنے کی خوشی میں تین ہوٹلوں کے پاکستانی عازمین کو 14 خصوصی بسوں کے ذریعے مدینہ طیبہ کے اسلامی و تاریخی مقامات کی زیارات مکمل کرا دی ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات