سکھر بورڈ کے تحت انٹر میڈیٹ کے امتحانات شروع ہو گئے، 90 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات امتحان دینگے

پیر 5 مئی 2025 18:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سکھر بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ 1 اور 2 کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے جو 14 مئی تک جاری رہیں گے ، 90 ہزار سے زائد طلبہ امتحان دے رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر کے سالانہ امتحانات 5 مئی سے شروع ہو گئے ہیں جو 14 مئی 2025 تک جاری رہیں گے ،سکھر بورڈ کے دائرہ کار میں 148 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ،ضلع گھوٹکی میں 35، خیرپور میں 74 اور سکھر میں 39 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انٹر کے امتحانات میں شریک امیدواروں کی مجموعی تعداد 90 ہزار 759 ہے ،خیرپور سے سب سے زیادہ 38 ہزار 85 طلبہ امتحانات میں شریک ہیں ،سکھر سے 26 ہزار 765 اور گھوٹکی سے 25 ہزار 909 طلبہ شریک ہیں ۔ امیدوار پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، آرٹس، کامرس، کمپیوٹر سائنس اور دیگر گروپس سے تعلق رکھتے ہیں ،امتحانات کی نگرانی کے لیے 24 انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔انسپکشن ٹیموں میں بورڈ و ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران شامل ہیں ۔ہوم ڈیپارٹمنٹ نے دفعہ 144 نافذ کر کے امتحانی مراکز کے اطراف پابندی عائد کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :