کمشنر پونچھ ڈویژن کا ماڈل سائنس کالج راولاکوٹ کا دورہ، طلباء سے خطاب، مسائل کے حل کی یقین دہانی

پیر 5 مئی 2025 18:53

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے سردار محمد ایوب خان مرحوم گورنمنٹ ماڈل سائنس کالج راولاکوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد اور تحصیلدار راولاکوٹ سردار ظہیر خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ نے کالج اسمبلی میں شرکت کی اور طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے علم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تعلیم ہی ترقی کا اصل ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں کو محنت، لگن اور جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی تاکہ وہ دنیا میں اپنا مقام بنا سکیں۔ کمشنر پونچھ نے جدید تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کی طرف رجحان اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں وہی قومیں کامیاب ہیں جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے طلباء کو بااخلاق، مثبت سوچ رکھنے والا اور معاشرے کا مفید شہری بننے کا پیغام بھی دیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سردار ظہیر احمد نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور قانون کی پاسداری، نظم و ضبط اور معاشرتی رویوں میں بہتری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں پرنسپل کالج نے ادارے کے مسائل بالخصوص عمارت کی تعمیر، اراضی اور دیگر ضروریات کے حوالے سے کمشنر پونچھ کو بریفنگ دی۔