گورنر سندھ کا سیکیورٹی فورسز کو فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین

جمعہ 4 جولائی 2025 19:59

گورنر سندھ کا سیکیورٹی فورسز کو فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو ریاستی عزم اور فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت قرار دیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ 30 بھارتی اسپانسر خوارج کا واصلِ جہنم کیا جانا دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک نمایاں کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان جراتمندانہ اقدامات کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت اور فورسز کی قربانیوں سے ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانا ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے، فتنہ الخوارج کی بھارتی پشت پناہی میں کارروائیوں کا فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔