محض تقریرمیں خلل ڈالنے پرنااہلی کا مطالبہ قابلِ قبول نہیں، رضا ربانی

اسپیکرپنجاب اسمبلی کا 26 اپوزیشن ارکان کی نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجنا افسوسناک ہے اور یہ مطالبہ قابل قبول نہیں، سابق چیئر مین سینٹ

جمعہ 4 جولائی 2025 20:14

محض تقریرمیں خلل ڈالنے پرنااہلی کا مطالبہ قابلِ قبول نہیں، رضا ربانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ محض تقریر میں خلل ڈالنے پر 26 اپوزیشن ارکان کی نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجنا افسوسناک ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بیان میں کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا 26 اپوزیشن ارکان کی نااہلی کیلئے ریفرنس بھیجنا افسوسناک ہے اور یہ مطالبہ قابل قبول نہیں۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ ایوان میں احتجاج پارلیمانی روایت کا حصہ ہے، ماضی میں صدر اور وزیرِخزانہ کی تقاریر بھی متاثر ہوچکی ہیں۔سابق چیئر مین سینٹ نے بتایا کہ اسپیکر کو معطلی یا دیگر کارروائی کا اختیار قواعد و ضوابط میں موجود ہے اور اسپیکر کا اپنے ہی ارکان کے خلاف نااہلی کی درخواست دینا منصب کے شایانِ شان نہیں۔رضا ربانی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے اسپیکر کی ملاقات غیر مناسب عمل ہے، اسپیکر کا دفتر غیر جانبدار ہوتا ہے، حکومتی اور اپوزیشن ارکان برابر حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ کی تقریر کے دوران اسمبلی میں وڈیوز چلانا نامناسب تھا، اسپیکر پنجاب اسمبلی غیرمناسب پارلیمانی روایت قائم کرنے کے بجائے ریفرنس واپس لیں۔