جعلی نمبر پلیٹس پر اب 419 اور 420 کے تحت مقدمات درج ہوں گی: ڈی آئی جی ٹریفک

جمعہ 25 جولائی 2025 22:16

جعلی نمبر پلیٹس پر اب 419 اور 420 کے تحت مقدمات درج ہوں گی: ڈی آئی جی ٹریفک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے جعلی یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس لگانے والے گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایک نیا مراسلہ جاری کیا ہے۔ مراسلے کے مطابق اب اس سنگین خلاف ورزی پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 420 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ اس سے قبل استعمال ہونے والی دفعہ 97-A کو کارروائی سے خارج کر دیا گیا ہے۔

وقاص نذیر کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ تمام چیف ٹریفک آفیسرز (CTOs) اور ضلعی پولیس افسران (DPOs) کو بھجوا دیا گیا ہے، جس میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کی صورت میں گاڑی یا موٹرسائیکل کو فوری طور پر متعلقہ تھانے میں بند کیا جائے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سیکٹر انچارجز بریفنگ کے دوران اپنی نفری کو ان نئی ہدایات سے مکمل طور پر آگاہ کریں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر اور یکساں کارروائی کی جا سکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا، جعل سازی کی روک تھام کرنا، اور سیکیورٹی کو بہتر بنانا قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق جعلی نمبر پلیٹس نہ صرف قانون شکنی کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ جرائم میں استعمال ہو کر عوامی تحفظ کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرے اور ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر فوری مقدمہ درج کر کے کارروائی عمل میں لائے۔