بانی پی ٹی آئی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوچکا، فیلڈ مارشل کیخلاف جھوٹی مہم چلا رہا ہی: عظمیٰ بخاری

جمعہ 25 جولائی 2025 22:16

بانی پی ٹی آئی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوچکا، فیلڈ مارشل کیخلاف جھوٹی ..
ٍلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) وزیراطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ میں تاریخی فتح حاصل کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پوری دنیا آج پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو نہ صرف میدان جنگ میں شکست دی بلکہ سفارتی اور عسکری سطح پر بھارت کو پسپائی پر مجبور کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی اعلیٰ جنگی حکمت عملی نے بھارت کو جنگ بندی پر آمادہ کیا جو پاکستان کی زبردست عسکری برتری کا ثبوت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کو امریکی صدر کی جانب سے عشائیے کی دعوت ملنا پوری قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے جو اس امر کا اظہار ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت اور افواج کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ بھارت کے خلاف اس تاریخی کامیابی پر اپنی بہادر افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہا کہ بانی پی ٹی آئی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ پھیلا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص اپنے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن تھا، آج وہی قانون کی حکمرانی کا راگ الاپ رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے فسادات میں ملوث سازشی کرداروں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سزائیں دی جا رہی ہیں، یہی اصل قانون کی بالادستی ہے۔