ڈپٹی کمشنر کیچ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے عملے کوناقص کارکردگی پر دفتر طلب کر لیا

پیر 5 مئی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات روڑ سیکٹر کے عملے کو دفتر طلب کرلیا۔ یونین کونسل شاہرک میں سڑکوں کی ناقص مرمت اور کھڈوں کی مناسب بھرائی نہ ہونے پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے روڑ منشی، قلی اور دیگر متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی مرمت کو فوری اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ دورے کے دوران شاہرک کے علاقے میں سڑک کے ٹوٹے ہوئے حصے مناسب طریقے سے مرمت نہ ہونے کے باعث مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےجو کسی بھی وقت سنگین حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ عملہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتا یا غیر حاضر پایا گیا تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :