وزیر اعلیٰ بلوچستان کے رحمت کالونی سوئی میں قائم گرلز اسکول کے شیڈ کی تعمیر، بحالی ومرمت اور اسکول میں سولرائزیشن کی تنصیب کےفوری احکامات جاری

پیر 5 مئی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رحمت کالونی سوئی میں قائم گرلز اسکول کے شیڈ کی تعمیر، بحالی و مرمت، تزئین و آرائش اور اسکول میں سولرائزیشن کی تنصیب کے فوری احکامات جاری کئے ہیں، پیر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے دورہ سوئی کے دوران ایک مقام پر تعزیت کے لئے جارہے تھے جہاں راستے میں اسکول کی بچیاں دیکھ کر رک گئے اور بچیوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کئے، طالبات نے بتایا کہ ان کے اسکول کا شیڈ خستہ حال ہوچکا ہے جبکہ برقی بندش سے درس و تدریس میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے رحمت کالونی میں قائم گرلز اسکول کے شیڈ کی تعمیر، مرمت و بحالی تزئین و آرائش اور سولرائزیشن کی تنصیب کے موقع پر ہی احکامات جاری کر دیئے جس پر متعلقہ حکام نے فوری طور پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسکول کا معائنہ کیا اور مطلوب تعمیراتی مٹیریل پہنچا دیا اور منگل سے کام کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا ،اسکول کی بچیوں نے فوری احکامات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا وزیر اعلیٰ نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تحائف دئیے اور لگن سے تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی تلقین کی۔