محبوبہ مفتی کا مقبوضہ کشمیرمیں گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرنے پر زور

منگل 6 مئی 2025 12:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پرزوردیاہے کہ وہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں اور انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے دورہ پہلگام کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی پولیس اسٹیشنوں اور آرمی کیمپوں میں پوچھ گچھ کیلئے طلبی روز کا معمول بند گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 22اپریل کو پہلگام حملے کے بعدکشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں چھاپوں ، کشمیریوں کی گرفتاریوں اور پوچھ گچھ کا سلسلہ دراز کر دیاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ اور املاک کوبھی تباہ کیاجارہاہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ وہ لوگوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے پہلگام آئی ہیں ۔تاہم انہوں نے کہاکہ انہیں لوگوں میں خوف محسوس ہوا جس کا خاتمہ ہونا چاہیے ۔