عالمی عدالت انصاف میں یو اے ای کے خلاف سوڈان کا مقدمہ خارج

یو اے ای نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مقدمے کو سیاسی ڈرامہ قرار دے دیا

منگل 6 مئی 2025 16:56

دی ہیگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)عالمی عدالت انصاف نے سوڈان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف دائر نسل کشی کا مقدمہ خارج کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دی ہیگ (ہالینڈ) میں قائم اقوام متحدہ کی اعلی ترین عدالت، انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس سوڈان کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف دائر نسل کشی میں مبینہ شراکت داری کے مقدمے کو مسترد کر دیا۔

سوڈان نے عدالت میں مقف اختیار کیا تھا کہ یو اے ای نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسزکو اسلحہ فراہم کر رہا ہے، جو 2023 سے سوڈانی فوج کے خلاف لڑ رہی ہے۔ تاہم یو اے ای نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مقدمے کو سیاسی ڈرامہ قرار دیا، جس کا مقصد جاری خانہ جنگی کے خاتمے کی کوششوں سے توجہ ہٹانا ہے، جس میں کئی اموات ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس کیس پر اس کا دائرہ اختیار واضح طور پر نہیں بنتا تاہم مقدمہ خارج کیا جاتا ہے۔

سوڈان کے مقدمے کو مسترد کرنے کے حق میں 14 منصفین نے ووٹ دیے جبکہ 2 نے اس کی مخالفت کی۔ عدالت نے 7 کے مقابلے میں 9 کی اکثریت سے اس درخواست کو مقدمات کی اپنی عمومی فہرست سے بھی خارج کر دیا ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے خلاف سوڈان کی جانب سے کیے گئے دعووں کی سچائی کے حوالے سے کوئی موقف اختیار کرنے سے قاصر ہے۔یو اے ای کی وزارت خارجہ کی ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر برائے سیاسی امور ریم کتی نے عالمی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس حقیقت کی واضح اور قطعی تصدیق ہے کہ یہ کیس سراسر بے بنیاد تھا۔