وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی کی زیر صدارت اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری

منگل 6 مئی 2025 18:37

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کی زیر صدارت اینٹی کرپشن کی کھلی کچہری ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیات آباد پشاور میں منعقد ہوئی۔ مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ ماہانہ بنیادوں پر ڈائریکٹوریٹ اور ریجنل دفاتر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں کے دوران سامنے آنے والی شکایات پر فوری کارروائی ہورہی ہے،صوبے میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہیں۔ ان کھلی کچہریوں کا مقصد اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا، عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور سرکاری وسائل کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے جائز کاموں کے لیے سرکاری محکموں میں کسی قسم کی رشوت دینے سے گریز کریں، بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے حوالے سے عوام اپنے شکایات اینٹی کرپشن کے واٹس ایپ نمبر 03319988848 اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے آن لائن پورٹل "اختیار عوام کا” کے ذریعے درج کرسکتے ہیں۔