ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کی سربراہی میں حج انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں ، ترجمان وزارت مذہبی امور

منگل 6 مئی 2025 21:52

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کی سربراہی میں حج انتظامات کی تیاریاں جاری ہیں ۔ منگل کو ایک بیان میں ترجمان مذہبی امور عمر بٹ نے کہا کہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو نے کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان و دیگر معاونین حج کے ہمراہ رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی جی حج نے رہائشی کمروں، ڈائننگ ہالز، لفٹس اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا ۔ڈی جی حج نے عازمین حج کی سہولت و تعاون، رہنمائی اور شکایات کے ازالہ سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ عازمین حج کی آمد سے قبل تمام سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی آمد 7 مئی سے شروع ہوگی۔ حج آپریشن کامیابی سے اپنے دوسرے مرحلے کی طرف گامزن ہے۔