ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی

منگل 6 مئی 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے نارتھ ویسٹ اے اینڈ ایف یونیورسٹی چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی کی جس کی قیادت سلکروڈ بائیو ہیلتھ ایگریکلچرل انڈسٹریل الائنس، یانگلنگ، چین کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر لکسن ژانگ کر رہے تھے۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان علمی، تحقیقی اور تکنیکی تعاون کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم ہے۔

چینی وفد میں معزز سکالرز شامل تھے جن میں پروفیسر لیانگ پروفیسر لیمن، پروفیسر سن، اور پروفیسر شی۔ چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔پاکستان کی جانب سے اجلاس میں ممتاز ماہرین تعلیم نے شرکت کی جن میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل،وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی پاکستان برائے سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد، ڈائرکٹر سائنو پاک سلک بایوڈورسس بائیو ڈائیورسٹی سنٹر میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شازیہ سلطانہ اور ایچ ای سی پاکستان کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی جن میں اعلی تعلیم، زراعت، بائیو ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی علوم کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی میں مشترکہ تحقیقی لیبارٹری کا قیام، ینگلنگ، چین میں 1000 پاکستانی طلبا اور محققین کی تربیت،فیکلٹی اور طلبا کے تبادلے کے پروگراموں کو فروغ دینا،خوراک کی حفاظت، صحت کی اختراعات، اور پائیدار توانائی کے حل میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور باہمی تحقیق کی سہولت میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان تعلیم کے فروغ اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانا وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ہے۔ توقع ہے کہ اس تعاون سے پیداواری صلاحیت اور جدت کو فروغ ملے گا، جس سے دونوں ممالک کو اہم شعبوں میں فائدہ ہوگا۔یہ دورہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے فریم ورک کے تحت گہرے ہوتے ہوئے اسٹریٹجک تعلیمی اور سائنسی تعاون کو اجاگر کرتا ہے۔