Live Updates

پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد

بدھ 7 مئی 2025 19:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بھارتی جارحیت کے خلاف اور مادرِ وطن کے محافظوں، پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کی، جبکہ میونسپل لیبر یونین کے عہدیداران اور کمپنی کے سینکڑوں ملازمین نے پرجوش شرکت کی۔

ریلی کمپنی ہیڈکوارٹرایران روڈ شروع ہو کر سکستھ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔’’پاک فوج زندہ باد‘‘،’’بھارت مردہ باد‘‘،’’ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے‘‘ اور’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او رانا ساجد صفدر نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزیوں اور جارحانہ رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دنیا کو باور کرواتے ہیں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تمام افسران اور ملازمین وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔’’یہ ریلی ہمارے جذبات کی عکاس ہے کہ جب بات پاکستان کی ہو تو ہر فرد سپاہی ہے‘‘، انہوں نے کہا۔

میونسپل لیبر یونین کے نمائندوں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خون، جان و مال سب کچھ وطن پر قربان ہے۔ بھارتی جارحیت کیخلاف پوری قوم متحد ہے اور ہر پاکستانی دل سے پاک فوج کا سپاہی ہے۔ریلی کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی اور پاک افواج کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر امن و اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر میدان میں ملک کی خدمت اور حفاظت کے لیے متحد رہیں گے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات