ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی زیرصدارت میں ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے اعلی افسران کی میٹنگ

بدھ 7 مئی 2025 19:17

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی زیرصدارت میں ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے اعلی افسران کی میٹنگ کاانعقاد کیا گیا۔میٹنگ میں سرکل ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، ٹی ایس آئیز، رائیڈرز اور دیگر دفتری سٹاف نے شرکت کی۔میٹنگ میں سرکلز اور بیٹس میں درپیش ٹریفک مسائل اور ان کے جلد از جلد حل نکالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران میٹنگ ایس ایس پی ٹریفک نے ٹریفک افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد میں تقریباً ہرجگہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ،سوزوکی یا لوکل گاڑیوں کے ڈرائیورز اپنی من چاہی جگہوں پر سواریاں اتار اور بٹھا رہے ہیں ،ان سب کو روکنا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کروانا ہماری اولین ترجیح اور ڈیوٹی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اخلاق سے بات کرنا اور اخلاقیات کا مظاہرہ کرنا بھی ہماری اولین ترجیح ہونی چائیے، اکثر اوقات دیکھنے میں آیا ہے کہ جگہ جگہ ٹریفک افسران اور جوان ٹولیوں کی شکل میں کھڑے ہوکر چالان کر رہے ہوتے ہیں اور ٹریفک بند ہوتی ہے،ان تمام افسران اور جوانوں کے لیے آخری وارننگ ہے ،اسکے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں مین ٹریفک کا مسئلہ سوزوکیاں ہیں،ان کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کے لیے مخصوص پوائنٹس بنائے جائیں گےجہاں سے وہ چلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سزا اور جزا کا عمل بھی جاری رہے گا ،اچھے کام پر انعام اور غلطی پر سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر کسی بڑی غلطی کے علاوہ ہر قسم کا چالان مکمل طور پر بند ہے ،اس صورت میں چالان کیا جائے جب آپکو لگے کہ اس گاڑی کی وجہ دیگر لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔