بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سالانہ اوپن ہائوس کا انعقاد

بدھ 7 مئی 2025 23:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے بدھ کو یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں اپنے 14ویں سالانہ اوپن ہائوس کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں سول انجینئرنگ، الیکٹریکل و کمپیوٹر انجینئرنگ اور مکینیکل انجینئرنگ کے شعبہ جات کے طلباء کی طرف سے پیش کیے گئے تقریباً 100 پراجیکٹس شامل تھے۔

تقریب کی ایک اہم بات انڈسٹری کے نمائندوں کی فعال شرکت تھی، جنہوں نے نہ صرف طلباء کے کام کا جائزہ لیا بلکہ کئی شریک طلبا ء کو ملازمت اور تنخواہ پر انٹرن شپ کے لیے بھی منتخب کیا۔ شاندار کاوشوں کو تسلیم کرنے کے لیے طلبہ کو شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ ایوارڈز صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے تقسیم کیے جنہوں نے اوپن ہائوس کے انعقاد کی روایت کو برقرار رکھنے پر فیکلٹی کو سراہا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس تقریب کو امید افزا مستقبل کی علامت اور عصری چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پرامید ہونے کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے نمائشی پروجیکٹس معاشرے کی بامعنی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ قبل ازیں تقریب کا افتتاح نائب صدر انتظامیہ و مالیات پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے کیا جنہوں نے پراجیکٹس کے سٹالز کا دورہ کیا اور طلباء کی کی تخلیقی سوچ اور صنعت کے پیشہ ور افراد کے ساتھ ان کی فعال مصروفیت کی تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر اوپن ہائوس کے انچارج ڈاکٹر سخی جان نے کہا کہ اس تقریب نے تعلیمی تحقیق اور صنعتی ماہرین کے درمیان ایک اہم پل کا کام کیا جس سے طلباء کو اپنی محنت کو عملی شراکت میں تبدیل کرنے کا موقع ملا۔