بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے مابین سماجی تحفظ کے فروغ کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق

بدھ 7 مئی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے بدھ کو بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ سرفراز راجر سے ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد بی آئی ایس پی اور سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (ایس ایس پی اے) کے درمیان ڈیٹا کے باہمی تبادلے کے معاہدے کے نفاذ میں رکاوٹ بننے والے چیلنجوں سے نمٹنا اور مقررہ کردہ ٹائم لائنز کے حوالے سے ایک حتمی پلان تشکیل دینا تھا۔

اجلاس میں دونوں جانب سے سینئر حکام بشمول سیکرٹری سوشل پروٹیکشن سندھ مزمل حسین، سی ای او ایس ایس پی اے سمیع اللہ نثار علی شیخ، پراجیکٹ سپیشلسٹ راشد محمود اور دیگر شرکا کے ساتھ ساتھ جی آئی زیڈ کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بی آئی ایس پی اور حکومت سندھ کے درمیان محفوظ اور موثر ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ سماجی تحفظ اقدامات میں ڈوپلیکیشن کے خاتمے، حفاظتی پروٹوکولز کے ذریعے مستحق افراد کے ڈیٹا کی حفاظت اور پسماندہ طبقات کے لیے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو فروغ دینے کے لیے بی آئی ایس پی کے جامع ڈیٹا بیس سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

اس دوران بی آئی ایس پی اور ایس ایس پی اے کے مابین ڈیٹا ایکسچینج ایگریمنٹ اور نان ڈسکلوزر ایگریمنٹ (این ڈی اے) کے کلیدی مقاصد اور شرائط کے حوالے سے بھی بات کی گئی جس میں اداروں کے درمیان تعاون اور باہمی اعتماد کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ چیئر پرسن بینظر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے صوبائی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ، جامع اور موثر طریقے سے مدد فراہم کرنے کیلئے اداروں میں ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں شرکا کی جانب سے ممتا پر اجیکٹ اور نشوونماکے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ سرکاری وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ بی آئی ایس پی نے سندھ میں سماجی تحفظ کے اقدامات میں مدد کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا تاکہ ممکنہ مستفید کنندگان کے بارے میں معلومات کا اشتراک کیا جا سکے۔

یہ بھی تجویز کیا گیا کہ سندھ حکومت محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے قیام کے لیے نیشنل سی ای آر ٹی سے تعاون حاصل کرے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سے درخواست کی گئی کہ وہ سندھ کی دیگر صوبائی ایجنسیوں کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ رابطے کے لیے ایک فوکل پوائنٹ کے طور پر کام کریں۔مزید برآں دونوں اداروں نے مشترکہ پالیسی بیان کے لیے تمام متعلقہ صوبائی سٹیک ہولڈرز کی موجودگی میں ایک مشاورتی اجلاس کا اہتمام کرنے پر اتفاق کیا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے سندھ میں سماجی تحفظ کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تکنیکی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بی آئی ایس پی اور ایس ایس پی اے پسماندہ آبادیوں کی زندگیوں میں ایک بامعنی تبدیلی لانے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں اداروں نے شراکت داری کے آپریشنل طریقہ کار کے پہلوئوں کو حل کرنے کے لیے باقاعدگی سے تکنیکی سطح کے اجلاسوں کے انعقاد پر اتفاق کیا ۔

متعلقہ عنوان :