وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا ریجنل کلچر اینڈ ٹورازم ہزارہ آفس ایبٹ آباد کا دورہ

جمعرات 8 مئی 2025 23:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے تحت قائم ریجنل کلچر اینڈ ٹورزم آفس ہزارہ ایبٹ آبادکا دورہ کیا۔مشیر سیاحت کے دورہ کے دوران ریجنل کلچر آفیسر جو اضافی چارج سنبھالے ہوئے ہیں دفتر میں موجود نہیں تھے۔ ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹر کے حکام نے انہیں آگاہ کیا کہ متعلقہ افسر شاذ و نادر ہی دفتر آتے ہیں۔

مشیر سیاحت و ثقافت نے دفتر میں موجود ریکارڈ سیاحوں کی رجسٹریشن کی تفصیلات اور رجسٹرڈ ہوٹلز کی فہرست کے بارے میں دریافت کیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ دفتر کا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر خراب ہے، انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں، لیپ ٹاپ اور پرنٹر بھی فراہم نہیں کیے گئے، جبکہ عملے کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

متعدد بار ہیڈ آفس سے درخواست کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے کلاس فور سٹاف کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے سیکرٹری سیاحت کو ہدایت کی کہ ان مسائل کو فوری طور پر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل تک پہنچایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ر یجنل کلچر اینڈ ٹورازم ہزارہ آفس تین دفتری ایام کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے۔ انہوں نے ریکارڈ کی درستگی اور دفتر کی مؤثر کارکردگی پر بھی زور دیا۔