چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کا گزشتہ شب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ

جمعہ 9 مئی 2025 21:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی وڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے گزشتہ شب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر کشیدہ صورتحال کے تناظر میں فوری رسپانس اور موثر رابطہ کاری کیلئے قائم ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور سب ڈویژن ایمرجنسی آپریشن سنٹر شاردہ 24/7 فعال ہے۔

اس موقع پر ایس پی خواجہ محمد صدیق، چئیرمین میونسپل کمیٹی آٹھمقام صدیق بیگ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نیلم محمد حنیف بھی موجود تھے۔ انچارج ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر محمد اختر ایوب نے ایمرجنسی رسپانس پلان پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کشیدہ صورتحال کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کے استعداد کار کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع نیلم کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام ادارے اس مشکل صورتحال میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ،جملہ افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر ریسکیو ادارے الرٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلسل منفی پروپیگنڈا کر رہا ہے، ایسے میں ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم افواہ سازی سے بچتے ہوئے موثر رابطہ کاری کے ساتھ بروقت عوام تک مستند معلومات پہنچائیں اور متاثرین کی بروقت امداد کو یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ بغیر تحقیق کے معلومات کو شئیر کرنے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مستند معلومات پر یقین کریں اور کسی بھی معلومات کیلئے مرکزی ایمرجنسی ٹیلیفون نمبر 05821920064 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :