Live Updates

چالاک اور مکاردشمن کو پاکستانی حملے کے خوف میں مبتلا رکھا جائے،میاں زاہد حسین

پاک افواج، میڈیا اور سائبر سکیورٹی نے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعہ 9 مئی 2025 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ انتہائی مکار اور عیار دشمن سے ہے جسکی فوجی قوت اورمعیشت پاکستان سے بہت بڑی ہے جبکہ اسے بہت سے طاقتورممالک کی پشت پناہی بھی حاصل ہیاس کے باوجود وہ پاکستانی فوجی قوت، ایئر فورس، میڈیا اور سائبر سیکیورٹی مہارت سے مسلسل شکست کھا رہا ہے اور جھوٹے بیانیے بنانے پر مجبور ہو گیا ہے۔

مودی کی ساری تدبیریں الٹی ہو گئیں ہیں اوراسکی چالاکی اسی ہی کے گلے پڑگئی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکار دشمن نے پہلے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن، پھر پاکستان کے خلاف جنگی پروپیگنڈا، اس کے بعد پاکستان پر میزائل حملے اور پھر ڈرونز کے ذریعے در اندازی کر کے پاکستان کو جوابی حملے کا حق دے دیا ہے اور ان سب احمقانہ حرکات کی وجہ سے بھارت خود بخود غیر محفوظ ممالک میں شامل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بھارت میں فضائی سفر، سیاحت اور غیرملکی انویسٹمنٹ غیر محفوظ ہو گئی ہے جس کے بدترین اثرات بھارت کی معیشت پر پڑیں گے اور اس کی ترقی کا عمل رک جائے گا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ یہ پاکستانی حکمت عملی کی بہت بڑی کامیابی ہوگی کہ اگر وہ حملہ کرنے کی بجائے بھارت کو زمینی، فضائی اور ایٹمی حملے کے خوف میں مبتلا رکھے اس حکمت عملی سے بھارت کو بغیر جنگ لڑے معاشی طور پر کمزور کیا جا سکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ آزادی ایک انمول نعمت ہے جسے برقرار رکھنے کے لئے پاکستانی قوم ہرقیمت ادا کرنے کوتیار ہے۔

پاکستان جولاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد وجود میں آیا تھا اس وقت اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا کررہا ہے۔ ایسے حالات میں قومی سلامتی کی ضمانت صرف جذباتی نعروں یا بیانات سے ممکن نہیں۔ آزادی کا تحفظ ایک منظم، مضبوط اورہرپہلوسے تیارقوم ہی کرسکتی ہے۔ ان حالات میں جہاں دفاعی بجٹ میں اضافے کی ضرورت ہے، وہیں لازمی فوجی تربیت بھی وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جو نہ صرف سازشی ذہن رکھتا ہے بلکہ خطے میں بالادستی کا خواب دیکھتا رہتاہے۔ نریندرمودی کی حکومت نے جارحانہ عزائم کے تحت کشمیرکی آئینی حیثیت ختم کی، مسلم اقلیتوں پرظلم و ستم کومعمول بنا دیا اورپاکستان کے خلاف نفرت پرمبنی پالیسیاں اختیارکیں۔ ان کی کئی سفارتی چالیں عالمی سطح پرناکام ثابت ہوئیں ہیں۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ ان حالات میں پاکستانی قوم کا اتحاد اوراپنی عسکری صلاحیت کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں لازمی فوجی تربیت نہ صرف نوجوانوں میں نظم و ضبط، حب الوطنی اورفزیکل فٹنس کوفروغ دے گی بلکہ انھیں کسی بھی وقت قومی دفاع کا عملی حصہ بنانے کے قابل بنا دے گی۔

کئی ترقی یافتہ ممالک میں لازمی فوجی تربیت نظام کا حصہ ہے اوران کا تجربہ بتاتا ہے کہ یہ قوم کودفاعی طور پر مضبوط بنانے میں کلیدی کردارادا کرتی ہے۔ پاکستان میں بھی اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے نصاب میں فوجی تربیت، سائبرسکیورٹی، جنگی حکمت عملی اور شہری دفاع وغیرہ کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ آزادی کی حفاظت، مضبوط معیشت، ناقابل تسخیر دفاع، لازمی فوجی تربیت اورقومی اتحاد ہی کے ذریعے ممکن ہے۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں دفاعی بجٹ میں اضافہ ایک قومی ضرورت ہے جسے اہمیت نہ دینا خودکشی کے مترادف ہے۔ جدید ہتھیار، جنگی مشقیں، انٹیلیجنس نظام اورٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے لیے وافروسائل درکارہیں۔ دفاع پراٹھنے والے اخراجات ملک کی بقا اورخودمختاری کے لیے ایک ناگزیر سرمایہ کاری ہیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات