شبقدر پولیس کا کامیاب آپریشن: دہشت گردوں کے 3 سہولت کار گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

جمعہ 9 مئی 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) چارسدہ کے تھانہ شبقدر پولیس نے کامیاب انٹیلیجنس بیس آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے 3 سہولت کار گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔ چارسدہ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی پی او چارسدہ سلیمان ظفر کی ہدایت پر ڈی ایس پی شبقدر ریاض خان کی نگرانی میں شبقدر پولیس نے انٹیلیجنس اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔ گرفتار سہولت کاروں میں آصف علی عرف انصاری ولد شاہ نواز سکنہ تھانہ بٹگرام کورونہ چارسدہ، محمد حذیفہ عرف بزرگ عرف فاتح ولد محمد سرفراز سکنہ محلہ چشتی آباد مٹہ مغل خیل شبقدر اور سلمان عرف وقاص ولد غلام اللہ سکنہ مہمندو گندھاب یوسف خیل حال منسوکہ شبقدر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کی نشاندہی پر تھانہ سروکلی کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں خطرناک اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا جس میں 4 عدد راکٹ گولے، 1 آرٹلری شل، 5 گولے آر پی جی - 7، 8 عدد ہینڈ گرنیڈ، 1 عدد 75 آر آر اسٹینڈ، 1 ایل ایم جی (لائٹ مشین گن)، 30 فٹ پرائما کارڈ شامل ہے۔

ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔