×جمعیت علماء اسلام ہمیشہ سے صحافی برادری اور اخبارات کے حقوق کے لیے ایک مضبوط اور توانا آواز رہی ہے، حافظ حسین احمد

ہفتہ 10 مئی 2025 20:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2025ء)جمعیت علما ء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی ضلعی ناظم مالیات حاجی قاسم خان خلجی اور ضلعی سالار مولانا علی جان نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ سے صحافی برادری اور اخبارات کے حقوق کے لیے ایک مضبوط اور توانا آواز رہی ہے۔

ہم یہ سمجھتے ہیں کہ صحافت معاشرے کا ایک اہم ترین ستون ہے، جو عوام اور ریاست کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے اور حقائق کو بلا کم و کاست عوام تک پہنچانا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمارے صحافی ساتھی نامساعد حالات میں بھی اپنی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرتے، جو یقیناً لائق تحسین ہے انہوں نے کہا کہ یہ امر کسی سے پوشیدہ نہیں کہ جمیعت علماء اسلام بحیثیت ایک مؤثر سیاسی قوت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد اور کلیدی حیثیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

ہم ہر فورم پر عوامی مسائل کو جرات مندانہ انداز میں اٹھاتے ہیں اور ان کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ ہماری تمام تر مساعی مظلوم اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے وقف ہیں انہون نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر، جمیعت علماء اسلام ضلع کوئٹہ بجا طور پر یہ توقع رکھتی ہے کہ اخبارات کے مالکان اور صحافی حضرات ہماری جماعت کی ملکی و بین الاقوامی اہمیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں، جمیعت علماء اسلام کے جاری کردہ بیانات کو بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر شائع کیا کریں گے انہوں نے کہا کہ جب جمیعت علماء اسلام کسی اہم عوامی مسئلے پر اپنا موقف واضح کرتی ہے یا کوئی بیان جاری کرتی ہے، تو اس کا مقصد عامة الناس تک صحیح معلومات پہنچانا اور متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کرنا ہوتا ہے۔

اس لیے، ہماری گزارش ہے کہ ہمارے بیانات کو فوری اور مناسب جگہ دی جائے تاکہ عوامی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت ممکن ہو سکے۔ میڈیا کا بنیادی فریضہ بھی یہی ہے کہ وہ عوامی آواز بنے اور ان مسائل کو اجاگر کرے جن کا سامنا عام شہریوں کو ہے انہون نے کہا کہ جس طرح جمیعت علماء اسلام نے ہمیشہ صحافی برادری کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے اور ہر ممکن حد تک ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے، اسی طرح ہم توقع رکھتے ہیں کہ صحافی برادری بھی قومی مفاد اور عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے جمیعت علماء اسلام کے مثبت اور تعمیری کردار کو اپنی اشاعتوں میں مناسب جگہ دے گی انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ جمیعت علماء اسلام صحافی برادری کے ساتھ مکمل طور پر کھڑی ہے اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

ہم امید کرتے ہیں کہ باہمی احترام اور تعاون کے ذریعے ہم ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھیں گے جہاں حقائق کو بلا خوف بیان کیا جا سکے اور عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل نکالا جا سکے