تھانہ بنی پولیس کی کارروائی ، سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 خطرناک ملزمان گرفتار

اتوار 11 مئی 2025 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) تھانہ بنی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ زیرِ حراست افراد سے 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 4 ہزار 300 روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ بنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا جن پر شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔

تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں، نقد رقم اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان مرتب کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔