ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے متعلق قائم ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

پیر 12 مئی 2025 15:36

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے متعلق قائم ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر و چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی سارہ جاوید نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے کے لئے ضلع سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کمیٹی میں پولیس ، ایکسائیز، خفیہ اداروں کے سربراہان، فوڈ، زراعت، انرجی، لیبر، سوشل ویلفیئر، وومین ڈویلپمنٹ، اوقاف کے علاوہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران کو ممبر مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کا مقصد ضلع میں غیرقانونی چلنے والے پیٹرول پمپس، یونٹس، ایجنسیز، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے، بجلی چوری، نان کسٹم پیڈ اشیاء کی خرید و فروخت کی روک تھام اور مدارس کی رجسٹریشن کے لئے اقدامات کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد کرکے کی گئی کارروائیوں کا جائزہ لیکر رپورٹ وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید نے مزہد کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام افسران ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں اور موبائل فون ہمیشہ اپنے پاس رکھیں ،دشمن کی جانب سے پھیلائے گئے غلط پروپیگنڈہ کا موثر اور فوری جواب دیا جائے تاکہ جھوٹی خبروں سے افراتفری پیدا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ صوبائی ایپکس کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کارروائیاں تیز کریں تاکہ ان کارروائیوں کی رپورٹ ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جاسکے۔ اجلاس میں ایس ایس پی سانگھڑ غلام نبی کیریو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ترقی نسواں حنا خان، چیئرمین زکوٰۃ و عشر ذوالفقار چانڈیو، مسلم فاروق سوشل ویلفیئر، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔