Live Updates

اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی ،تاجر تنظیموں کے صدرو کی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مزار پر حاضری

پیر 12 مئی 2025 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) آباد کی بزنس کمیونٹی ،تاجر تنظیموں کے صدرو نے سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی )ظفر بختاوری اور انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مزار پر حاضری دی، ان کی قبر پر گل پاشی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

اس موقع پر پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے پر ان کی بے مثال خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔مختلف مارکیٹس اور تجارتی تنظیموں کے صدور و رہنماؤں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ شرکاء نے ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جو کلمہ طیبہ اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر حاصل کی گئی،اس ملک کی بنیاد اسلام ہے اور یہ ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اسے تا قیامت ناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے جو خدمات سر انجام دیں ان پر پوری قوم ان کی مقروض ہے، آج ہم یہاں ان کی قبر پر حاضری دے کر ان کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں ۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے خواب کو جس انداز میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے عملی جامہ پہنایا، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ۔نائب صدر آئی سی سی آئی ناصر منصور چوہدری نے کہا کہ جس طرح بھارت کے خلاف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، ہم دعا گو ہیں کہ یہ ملک ہمیشہ دشمنوں پر غالب رہے اور قوم کا سر فخر سے بلند رہے۔

اس موقع پر صدر جی-11 مرکز نعیم اختر اعوان، صدر ڈی 12 زرغام شاہ ، ای الیون کے صدر افتخار عباسی ،گروپ لیڈر ایف ٹن مرکز طاہر عباسی ،گروپ لیڈر بلیو ایریا یوسف راجپوت ، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری خالد چوہدری، آئی-8 مرکز کے صدر وحید چیمہ، گروپ ، جی-10 کے صدر ظفر اقبال گجر، جی-7 مرکز کے صدر الطاف حسین شاہ، سٹیل مارکیٹ کے صدر عرفان چوہدری، جنرل سیکرٹری آبپارہ مارکیٹ اختر حسین عباسی، صدر جمعیت القریش خورشید قریش، ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی روحیل انور بٹ، اور سابق نائب صدر آئی سی سی آئی نثار مرزا،طہماس بٹ ، عادل برکت سمیت بڑی تعداد میں تاجر رہنما شریک تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات