ڈپٹی کمشنر ساہیوال نے چیچہ وطنی کا دورہ کرکے صفائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا

پیر 12 مئی 2025 17:30

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے چیچہ وطنی کا اچانک دورہ کیا اور شہر میں صفائی، سرسبز ماحول اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی نرجس خاتون جعفری اورمیونسپل کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی کو ہدایت کی کہ شہر بھر سے تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کے پیدل چلنے کے راستے بحال ہو سکیں۔

انہوں نے شہر میں قائم گرین بیلٹس کی تیاری ,دیکھ بھال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سبز ماحول شہریوں کی صحت اور ذہنی سکون کے لیے ناگزیر ہے ۔ صفائی کے حوالے سے ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو خصوصی ہدایات دی گئیں کہ شہر کے تمام وارڈز، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی بروقت صفائی کی جائے اور کچرے کی باقاعدہ تلفی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کا بھی دورہ کیاجہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، صفائی کے نظام اور عملے کی حاضری کا بغور جائزہ لیا۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ بھی کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو متنبہ کیا کہ شہریوں کی فلاح اور سہولت کے لیے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی