نرسز صرف مریضوں کی تیمارداری نہیں کرتیں بلکہ ان کے دکھ درد کا مداوا بن کران کی زندگی میں امید کی کرن جگاتی ہیں، ڈاکٹر عفان فائق زادہ

منگل 13 مئی 2025 00:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) انسانیت کی مسیحاؤں، بے لوث خدمت گزار اور شفقت و ہمدردی کی علامت نرسز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال (زیر انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک) کے نرسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عالمی یومِ نرسز کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے نرسنگ اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسز صرف مریضوں کی تیمارداری نہیں کرتیں بلکہ ان کے دکھ درد کا مداوا بن کر ان کی زندگی میں امید کی کرن جگاتی ہیں۔

یہ پیشہ صرف ایک نوکری نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا اعلیٰ ترین جذبہ ہے۔ڈپٹی منیجر نرسنگ سروسز سائمہ علی شاہ نے کہا کہ نرسز صحت کے شعبے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی محبت، خلوص اور انتھک محنت مریضوں کی جلد صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین مریضوں کی بے لوث خدمت ہے، اور آج کا دن ہمارے عزم کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر شمعیں روشن کی گئیں اور نرسنگ اسٹاف نے اجتماعی طور پر عہد کیا کہ وہ ایمانداری، محنت اور ہمدردی کے ساتھ مریضوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر نرسنگ اسٹاف اور ٹرینیز کو ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں اسناد سے نوازا گیا، جب کہ تقریب میں کیک کاٹنے کی خوشی کا لمحہ بھی شامل رہا۔واضح رہے کہ عالمی یومِ نرسز کے موقع پر نرسنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پورے ہفتے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ورکشاپس، پوسٹر مقابلے، اور 5 مئی کو عالمی یومِ مڈوائفری کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب بھی شامل تھی۔

متعلقہ عنوان :