پنجاب میں سول ڈیفنس کیلئے 500 ملین روپے کے فنڈز جاری

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سول ڈیفنس کو 10 لاکھ رضاکاروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ بھی دیدیا

منگل 13 مئی 2025 14:48

پنجاب میں سول ڈیفنس کیلئے 500 ملین روپے کے فنڈز جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)دفاع وطن کیلئے حکومت پنجاب کا احسن اقدام، سول ڈیفنس کو جدید خطوط پراستوارکرنے کیلئے 500 ملین روپے کے فنڈز جاری کردیے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سول ڈیفنس کو 10 لاکھ رضاکاروں کی رجسٹریشن کا ٹارگٹ بھی دیدیا، سول ڈیفنس کیلئے گرانٹ محکمہ داخلہ کے انٹرنل سکیورٹی فنڈ سے دی گئی ہے۔پچاس کروڑ کی گرانٹ سے سول ڈیفنس کیلئے جدید آلات خریدے جائیں گے جس میں مائن ڈٹیکٹر، سنیک کیمرے، الیکٹرک سائرن، آگ بجھانے کے آلات، بم دھماکے سے بچاؤ کے بلینکٹ اور آئی ٹی کا سامان شامل ہوگا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سول ڈیفنس صوبہ بھر میں نوجوانوں کو رضاکار کی تربیت فراہم کرے گا۔ گزشتہ 5 دنوں میں سول ڈیفنس اور ریسکیو نے صوبہ بھر میں 118,289 افراد کو تربیتی مشقیں کروائیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 صوبہ بھر میں مشترکہ تربیتی مشقیں کروا رہے ہیں، سول ڈیفنس کے جدید آلات کی خریداری کیلئے فنڈز کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے دی۔ترجمان نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس قانونی تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے رواں مالی سال کے دوران گرانٹ کو استعمال کرے گا، سول ڈیفنس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔