Live Updates

بھارت اب دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا‘ چودھری پرویز الٰہی

پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑی، ہم دشمن کے مقابلے میں ہم ایک ہیں‘میڈیا سے گفتگو عدالت نے مونس الٰہی ،شریک ملزم جبران کے ریڈوارنٹ پر رپورٹ ،پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے

منگل 13 مئی 2025 17:45

بھارت اب دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا‘ چودھری پرویز الٰہی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارت اب دوبارہ حملے کی جرات نہیں کرے گا، بھارت نے دوبارہ جرات کی تو پھر مار کھائے گا۔ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ افواج پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑی، ہم دشمن کے مقابلے میں ہم ایک ہیں۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے سینٹرل کورٹ میں پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہم ہر ماہ انٹرپول کو مونس الٰہی کی گرفتاری کے لئے ریڈوارنٹ کی درخواست بھجواتے ہیں، جیسے ہی کوئی پیشرفت ہوتی ہے تو عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عدالت نے مونس الٰہی اور شریک ملزم جبران کے ریڈوارنٹ پر رپورٹ اور پرویز الٰہی کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب نے حاضری مکمل کروائی، فاضل جج نے پرویز الٰہی سے خیریت دریافت کی تو انہوں نے بتایا کہ جی اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ترمیمی چالان کو سامنے رکھ کر اس درخواست پر بحث کریں گے، ہمیں اس کیلئے مہلت دی جائے، وکیل سابق وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ یہ آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے، ایف آئی اے صرف زبانی جمع خرچ کر رہا ہے۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات